علاقائی خبریںقومی

امریکی نائب صدر آج دہلی میں، مودی سے ملاقات شیڈول

یونائٹڈ اسٹیٹس کے نائب صدر جے ڈی وینس آج اپنی فیملی کے ہمراہ دہلی پہنچیں گے۔ ان کا تین روزہ دورہ نہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات پر مشتمل ہوگا بلکہ اس کا بڑا حصہ ثقافتی سرگرمیوں اور ان کی اہلیہ اوشا کی آبائی سرزمین سے بچوں کو متعارف کروانے پر مرکوز ہوگا۔

جے ڈی وینس اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ پیر کی شام دہلی ایئرپورٹ پر پہنچیں گے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ان کے بچوں ایوان، ویویک اور میرابیل کو راجستھان اور آگرہ لے جایا جائے گا تاکہ وہ بھارت کی تاریخ، ثقافت اور اپنی جڑوں سے جڑ سکیں۔

دورہ بھارت کے دوران جے ڈی وینس وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد مودی کی رہائش گاہ پر عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ اس عشائیہ میں کئی مرکزی وزراء اور بی جے پی کے سینیئر رہنما بھی شرکت کریں گے۔ وینس کے دورہ بھارت میں بھارت-امریکہ تجارتی معاہدے، عالمی حالات اور باہمی تعلقات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

دورہ کا دوسرا مرحلہ راجستھان کا ہے، جہاں 22 اپریل کو جے ڈی وینس کو راجستھان کے گورنر اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے رسمی خیر مقدم دیا جائے گا۔ وہ اور ان کی فیملی جے پور کے تاریخی مقامات جیسے عامر قلعہ، جنتر منتر، ہوا محل اور سٹی پیلس کی سیر کریں گے۔ بعدازاں، وینس راجستھان انٹرنیشنل سینٹر میں ایک خطاب بھی کریں گے۔

23 اپریل کو وہ آگرہ روانہ ہوں گے جہاں وہ تاج محل کا دورہ کریں گے۔ ان کا یہ پہلا دورہ بھارت ہے اور ماہرین اسے بھارت-امریکہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button