کالیشورم پروجیکٹ کے بڑے افسر پر شکنجہ کس گیا

حیدرآباد تلنگانہ کے معروف آبپاشی منصوبے کالیشورم لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ سے وابستہ انجینئر انچیف ہری رام کے گھر پر انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے چھاپے مارے۔ یہ چھاپے حیدرآباد کے شیخ پیٹ علاقے میں واقع آدتیہ ٹاورز کے ایک فلیٹ میں صبح کے وقت شروع ہوئے۔
ہری رام اس وقت کالیشورم کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گجویل علاقے کے لیے انجینئر انچیف کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا شمار اس اہم منصوبے کے کلیدی افسران میں ہوتا ہے، جنہوں نے منصوبے کے لیے اجازت نامے اور قرضوں کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ منصوبہ دریائے گوداوری پر واقع ہے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا ملٹی اسٹیج لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ کہا جاتا ہے، جس کا مقصد ریاست بھر میں آبپاشی، پینے کے پانی اور صنعتی پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔
ہری رام کی اہلیہ انیتا بھی ریاستی آبپاشی محکمہ میں سینئر افسر ہیں اور اس وقت ڈپٹی انجینئر انچیف کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اے سی بی کی جانب سے اب تک چھاپوں کے دوران حاصل ہونے والی معلومات یا شواہد کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق چھاپوں کا مقصد کالیشورم پروجیکٹ میں مالی بے ضابطگیوں اور اجازت ناموں میں ممکنہ بدعنوانی کی تحقیقات کرنا ہے۔