حیدرآباد میں انڈین آرمی سے یکجہتی ریلی

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی سازش یا دہشت گردی کو فروغ دینے کی کوشش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارتی مسلح افواج کو مکمل حمایت حاصل ہے اور پوری قوم کو یکجہتی کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
جمعرات کے روز سکریٹریٹ سے اندرا گاندھی کے مجسمے تک منعقدہ قومی یکجہتی ریلی میں وزیر اعلیٰ نے شرکت کی۔ اس ریلی کا مقصد دہشت گردی کے خلاف اتحاد کا پیغام دینا اور بھارتی افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بات قومی سلامتی اور خودمختاری کی ہو تو تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو ایک آواز میں بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو عناصر ملک کے صبر کا غلط فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں آپریشن سندور کے تحت منہ توڑ جواب کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ہر سطح پر بھارتی افواج کے شانہ بشانہ ہے اور ملک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔