گروپ ۱ ملازمتوں پر ہائی کورٹ میں دستک

حیدرآباد تلنگانہ پبلک سروس کمیشن نے گروپ-1 امیدواروں کی تقرری پر پابندی کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی۔ 16 اپریل کو عدالت نے مین امتحان کی جانچ پر اعتراضات کے بعد تقرری پر روک لگائی تھی، تاہم سرٹیفکیٹ ویری فکیشن کی اجازت دی گئی تھی۔
سرٹیفکیٹس کی جانچ 22 اپریل کو مکمل ہوئی، جس کے بعد ٹی جی پی ایس سی نے عدالت میں اپیل کی۔ کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ تقرری پر پابندی امیدواروں اور محکماتی کاموں دونوں کو متاثر کر رہی ہے۔
ٹی جی پی ایس سی نے عدالت کو بتایا کہ جوابی پرچوں کی جانچ مکمل شفاف طریقے سے کی گئی ہے اور اس میں قومی سطح کے کمیشن کے معیار کو ملحوظ رکھا گیا۔ ماہر مضامین، جن میں اردو، تلگو اور انگریزی کے ماہرین شامل تھے، نے جانچ کا عمل انجام دیا۔ جانچ کرنے والوں کی شناخت کو خفیہ رکھا گیا تاکہ کسی بھی قسم کے دباؤ سے بچا جا سکے۔
کمیشن نے 13 مارچ کو جاری کردہ ایک اعلامیہ میں ہر مضمون کے ماہرین کی تعداد بھی ظاہر کی تھی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمیشن نے اس بات پر زور دیا کہ جانچ کے دوران کوئی بے ضابطگی نہیں ہوئی اور درخواست گزاروں کے الزامات بے بنیاد اور شفاف تقرری کے عمل کو مشکوک بنانے کی ایک کوشش ہیں۔