اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت و پاک صورتحال پر بند کمرہ میں مشاورت آج

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج بروز پیر بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بند کمرہ میں مشاورت کرے گی۔
یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے، جو اس وقت سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے۔
پاکستان نے ہند و پاک کشیدگی پر فوری اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی، جس پر عمل کرتے ہوئے موجودہ صدارت کے فرائض انجام دینے والے ملک یونان نے پانچ مئی کی سہ پہر اجلاس طے کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اس اہم اجلاس میں دنیا کی پانچ بڑی طاقتیں — چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ — بطور مستقل رکن شریک ہوں گی، جن کے پاس ویٹو پاور حاصل ہے۔
اس کے علاوہ دس غیر مستقل اراکین بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے، جن میں الجزائر، ڈنمارک، یونان، گیانا، پاکستان، پانامہ، جنوبی کوریا، سیرا لیون، سلووینیا اور صومالیہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جنوبی ایشیا میں امن و امان، سرحدی کشیدگی، سفارتی تعلقات اور ممکنہ خطرات جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بند کمرہ اجلاس میں صرف سلامتی کونسل کے ارکان شرکت کریں گے اور میڈیا کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سفارتی کشیدگی اور سیاسی بیان بازی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔