تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

کابینی اجلاس میں آج ملازمین کے مطالبات پر رپورٹ پیش ہوگی

ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے دیرینہ مطالبات کے حل کے لیے قائم کردہ کابینہ سب کمیٹی آج بروز جمعرات کابینی اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔

یہ کمیٹی نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرامارکا، وزراء ڈی سرِیدھر بابو، پونم پربھاکر اور مشیر حکومت کے کشور راؤ پر مشتمل ہے۔ بدھ کے روز سکریٹریٹ میں اس کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی مشترکہ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مہنگائی الاؤنس کی پانچ قسطوں اور دس ہزار کروڑ روپے کے ریٹائرمنٹ بقایاجات کی ادائیگی جیسے اہم مسائل پر غور کیا گیا۔

کمیٹی نے ملازمین کے مسائل حل کرنے کو حکومت کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے مثبت رویہ اپناتے ہوئے نہ صرف کابینہ سب کمیٹی بلکہ افسران پر مشتمل ایک علیحدہ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے تاکہ مسائل کا فوری حل تلاش کیا جا سکے۔

حکومت نے اعتراف کیا کہ سابقہ حکومت کے دور میں مالی دباؤ میں اضافہ ہوا، لیکن موجودہ حکومت مرحلہ وار ادائیگیوں کے ذریعے تمام بقایا جات نمٹانے کے لیے پرعزم ہے۔

کمیٹی نے بتایا کہ اب ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہیں دی جا رہی ہیں، جو کہ ماضی کے مقابلے میں ایک بڑی بہتری ہے۔ تاہم، جے اے سی کے قائدین نے ملاقات کے نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا۔ جنرل سیکریٹری ایلورِی سرینواس راؤ نے کہا کہ اگر کابینی اجلاس میں مثبت فیصلہ نہ آیا تو 9 جون کو "مہا دھرنا” ضرور ہوگا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button