گیگ ورکرز کو انصاف، ایگریگیٹرز پر شکنجہ! تلنگانہ حکومت کا مضبوط قدم

تلنگانہ حکومت نے گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے ایک نیا ڈرافٹ بل تیار کیا ہے، جسے یکم مئی کو اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس بل کے تحت اگر کوئی ایگریگیٹر گیگ ورکرز کی فلاحی فنڈ میں مقررہ رقم جمع نہ کرے تو اسے ایک سال تک قید، دو لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
ریاست میں تقریباً چار لاکھ گیگ ورکرز موجود ہیں، اور ان کی سوشل سیکیورٹی کے لیے حکومت نے "گیگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز سوشل سیکیورٹی اینڈ ویلفیئر فنڈ” کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فنڈ میں ایگریگیٹرز سے ہر لین دین پر کم از کم ایک فیصد اور زیادہ سے زیادہ دو فیصد تک کٹوتی کی جائے گی، جسے گیگ ورکرز کی فلاح میں استعمال کیا جائے گا۔
اس نئے نظام کے تحت ایک بورڈ قائم کیا جائے گا جس کی صدارت محنت کے وزیر کریں گے۔ بورڈ میں محنت، مالیات، اور ٹرانسپورٹ محکموں کے افسران کے علاوہ گیگ ورکرز کی یونینز، ایگریگیٹرز، اور سماجی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ خواتین کی نمائندگی کے لیے بھی نشستیں مخصوص ہوں گی۔
بل کے مطابق، کسی گیگ ورکر کو صرف معقول وجہ اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی برخاست کیا جا سکے گا، اور اسے کم از کم سات دن پہلے اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ ایگریگیٹرز کو ورکرز کے لیے محفوظ اور صحت مند کام کا ماحول فراہم کرنا بھی لازم ہوگا۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ہدایت دی ہے کہ بل کو عوامی مشورے، تجاویز اور اعتراضات کے بعد ہی حتمی شکل دی جائے۔