گورکل کا تعلیمی انقلاب، 525 طلبہ کی شاندار کامیابی

حیدرآباد: تلنگانہ سماجی بہبود رہائشی تعلیمی ادارہ سوسائٹی (ٹی جی ایس ڈبلیو آر ای آئی ایس) کے 525 طلبہ نے جے ای ای ایڈوانسڈ امتحان میں کامیابی حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ تعداد اب تک کی سب سے زیادہ ہے، جو گورکل اداروں کے لیے ایک سنگ میل ہے۔
وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی اور نائب وزیر اعلیٰ مالو بھٹی وکرمارکا نے اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور تعلیم کے ذریعے پسماندہ طبقات کی ترقی کے عزم کو دوہرایا۔
ادارے کی سیکریٹری ڈاکٹر وی ایس الاگو ورشنی نے اس شاندار کامیابی کو تعلیمی اصلاحات اور خصوصی کوچنگ پروگرامز کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پروگراموں کے ذریعے گورکل طلبہ کو نجی کوچنگ اداروں کے معیار کی تربیت فراہم کی گئی۔ پہلی بار طلبہ نے قومی سطح کے امتحانات میں اسی اور نوے فیصدائل سے زیادہ اسکور کیا ہے۔
گولی دوڈی بوائز کالج کے کئی طلبہ نے اپنی کامیابی کی کہانیاں سناتے ہوئے ادارے کے اساتذہ اور مائیکرو شیڈیولز کو اہم قرار دیا۔ طالب علم کے چرن تیج نے کہا، ’’میں نے 98.29 فیصدائل حاصل کیا اور ڈاکٹر ورشنی کا تیار کردہ مائیکرو شیڈیول میرے لیے بہت مفید ثابت ہوا۔‘‘
دیگر کامیاب طلبہ نے بھی ماڈل پیپرز، موک ٹیسٹ اور اساتذہ کی رہنمائی کو اپنی کامیابی کی کلید قرار دیا۔