ایک ملین ڈالر کی لگژری یاٹ پہلی ہی سفر میں ڈوب گئی، چار افراد بال بال بچے

ترکی کے ساحل پر ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب ’’ڈولچے وینٹو‘‘ نامی لگژری یاٹ، جس کی مالیت تقریباً ایک ملین ڈالر ہے، اپنی پہلی ہی سمندری آزمائش کے چند منٹ بعد پانی میں ڈوب گئی۔
موبائل فون پر بنائی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ 24 میٹر لمبی یہ یاٹ اچانک جھک کر سمندر میں ڈوبتی گئی۔ یہ واقعہ زونگولداک کے قریب پیش آیا، جو ترکی کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔
رپورٹس کے مطابق یاٹ پر مالک، کیپٹن اور دو عملے کے ارکان موجود تھے۔ خوش قسمتی سے چاروں افراد نے سمندر میں چھلانگ لگا کر اپنی جان بچالی۔ کوسٹ گارڈ اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈوبنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ یاٹ کے توازن (اسٹیبلائزیشن) کے مسائل ہو سکتے ہیں۔ حکام نے ملبے کی تکنیکی جانچ اور انکوائری شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک فشنگ بوٹ بھی پچھلے ماہ ’’شیپس ہیڈ بے‘‘ کے قریب ڈوب گئی تھی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں بھی تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔