تلنگانہ کو ’’سیڈ باؤل آف انڈیا‘‘ برقرار رکھنے کے لیے تحقیق، برآمدات اور جدت ضروری: اُتم کمار ریڈی

تلنگانہ کے وزیر آبپاشی اُتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست کو بھارت کا سیڈ باؤل آف انڈیا برقرار رکھنے کے لیے تحقیق (ریسرچ)، برآمدات (ایکسپورٹ)، اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر توجہ دینا ہوگا۔
وہ حیدرآباد سیڈ کنکلیو ۲۰۲۵ سے خطاب کر رہے تھے جو سیڈ مین ایسوسی ایشن نے ہوٹل دسپلا، جوبلی ہلز میں منعقد کیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت تُمّلا ناگیشور راؤ، ایم ایل اے کے ستیا نارائنا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ معیاری بیج زراعت کا سب سے اہم حصہ ہے جو غذائی تحفظ اور کسانوں کی خوشحالی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہائی ییلڈنگ اقسام ہی کسانوں کی آمدنی کو یقینی بنا سکتی ہیں۔
انہوں نے وزیر زراعت تُمّلا ناگیشور راؤ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عملی کسان ہیں، اس لیے کسانوں کی مشکلات کو بہتر سمجھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں تلنگانہ نے ریکارڈ پیداوار حاصل کی اور ملک کا سب سے بڑا چاول پیدا کرنے والا صوبہ بن گیا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس حکومت بیج کمپنیوں کے مسائل حل کرے گی اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔