تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

تلنگانہ میں آبپاشی محکمے کی زمینوں پر قبضوں کے خلاف سخت کارروائی

وزیر آبپاشی، خوراک و سول سپلائیز کیپٹن این۔ اُتم کمار ریڈی نے تلنگانہ بھر میں آبپاشی محکمے کی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت اور جامع کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حکام کو فوری بنیادوں پر ان زمینوں کو واگزار کروانے اور باڑھ لگانے کا حکم دیا تاکہ مزید قبضوں کو روکا جا سکے۔

ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں، خصوصاً آبپاشی محکمے کی قیمتی زمینوں پر قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی، ہائیڈرا، ریونیو اور بازآبادکاری کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے ایڈوکیٹ جنرل سے درخواست کی کہ قانونی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے لیے آبپاشی محکمے کے لیے ایک مخصوص گورنمنٹ پلیڈر (جی پی) مقرر کیا جائے۔

گنڈی پٹ اور راجندر نگر میں واقع والامٹاری اور ٹی جی ای آر ایل کے تحت موجود 426.30 ایکڑ زمین میں سے 131.31 ایکڑ پر قبضے کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں 81.26 ایکڑ آئی ٹی آئی آر کے تحت عدالتی کارروائی میں ہے، جبکہ باقی 50.13 ایکڑ زمین پر براہ راست قبضہ کیا گیا ہے۔

وزیر نے بتایا کہ ان قبضوں سے متعلق 20 مقدمات ضلعی عدالت اور 2 مقدمات ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو قریبی رابطے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ زمینوں کی بازیابی ممکن ہو سکے، ساتھ ہی انہوں نے تمام زمینوں، عمارتوں اور رہائشی کوارٹرز کی مکمل فہرست جلد تیار کرنے کا حکم دیا۔

اُتم کمار ریڈی نے محکمہ کو ہدایت دی کہ آبپاشی زمینوں پر شمسی توانائی کے پلانٹس لگانے کے امکانات کا بھی مطالعہ کیا جائے تاکہ ان منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو لفٹ ایریگیشن پراجیکٹس میں استعمال کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button