امریکہ جلد بھارتی اشیا پر 25 فیصد اضافی ڈیوٹی ختم کرسکتا ہے

مرکزی اقتصادی مشیر وی اننتھا ناگیشوران نے جمعرات کو کہا کہ امریکہ جلد ہی بھارتی مصنوعات پر عائد 25 فیصد اضافی محصولات ختم کرسکتا ہے اور باہمی ڈیوٹی کو موجودہ 25 فیصد سے گھٹا کر 10 سے 15 فیصد کے درمیان لا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مسئلہ آئندہ چند ہفتوں میں حل ہونے کی توقع ہے کیونکہ دہلی اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، ’’پردے کے پیچھے دونوں حکومتوں کے درمیان مسلسل گفتگو جاری ہے اور امید ہے کہ آئندہ 8 سے 10 ہفتوں میں یہ تنازعہ ختم ہو جائے گا۔‘‘
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر امریکہ واقعی اضافی ڈیوٹی ہٹاتا ہے اور محصولات کم کرتا ہے تو اس سے نہ صرف بھارت کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔ اس اقدام کو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔