برطانوی پولیس نے لندن میں 900 فلسطینی حامی مظاہرین کو گرفتار کر لیا

پولیس نے فلسطین ایکشن کے حق میں نکالی گئی ریلی کے دوران سخت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 900 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ یہ ریلی ہفتے کے روز لندن میں نکالی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق 890 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 857 پر کالعدم تنظیم کی حمایت کرنے کا الزام ہے، جب کہ 33 افراد پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے اور دیگر عوامی بدامنی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
ریلی کے منتظمین "ڈیفینڈ آور جیوریز” کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں پادری، مذہبی رہنما، جنگی سابق فوجی، ہولوکاسٹ سے بچ جانے والوں کی اولادیں، ریٹائرڈ اساتذہ اور طبی شعبے کے کارکن شامل ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ مظاہرین پُرامن تھے لیکن پولیس نے انہیں بدنام کرنے اور گرفتار کرنے کے لیے جھوٹے الزامات لگائے۔
عینی شاہدین اور ویڈیوز کے مطابق پولیس نے لاٹھیاں چلائیں، مظاہرین کو زمین پر گرایا اور زبردستی گرفتار کیا۔ کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص کے چہرے سے خون بہتے دیکھا گیا۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جن پر لکھا تھا: "میں نسل کشی کے خلاف ہوں، میں فلسطین ایکشن کی حمایت کرتا ہوں۔”