ٹرمپ۔پیوٹن الاسکا مذاکرات کے بعد حیران کن پیش رفت کا اعلان

امریکہ اور روس کے صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن نے الاسکا کے شہر اینکرج میں تین گھنٹے طویل ملاقات کی، جس میں یوکرین جنگ کے حوالے سے پیش رفت کا اعلان کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز رہی ہے، تاہم معاہدے کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے کئی نکات پر اتفاق کیا ہے اور امید ہے کہ یہ پیش رفت امن قائم کرنے کی راہ ہموار کرے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد نیٹو ممالک اور یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی کو اس ملاقات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ "ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا، معاہدہ تب ہوگا جب مکمل اتفاق ہو گا۔”
پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ "روس اور یوکرین کی جڑیں ایک ہیں اور یہ جنگ ہمارے لیے ایک بڑی سانحہ ہے۔ ہم خلوص دل سے چاہتے ہیں کہ اس کا خاتمہ ہو اور مکالمے کے ذریعے آگے بڑھا جائے۔”
اس ملاقات کو مستقبل میں امن کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم دنیا کی نظریں اب بھی اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا واقعی اس سے جنگ بندی اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی یا نہیں۔