ٹرمپ کا افریقی اور کیریبین ممالک پر 10 فیصد نیا ٹیکس لگانے کا اعلان

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ افریقی اور کیریبین ممالک سمیت دنیا کے تقریباً 100 چھوٹے ممالک سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 10 فیصد یا اس سے زائد محصولات (ٹیکس) عائد کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ "ہم ان تمام ممالک کے لیے ایک ہی ٹیکس مقرر کریں گے۔”
ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک نے بتایا کہ یہ اقدام اُن ممالک پر مرکوز ہوگا جو امریکہ کے ساتھ محدود تجارتی روابط رکھتے ہیں اور تجارتی توازن میں زیادہ کردار ادا نہیں کرتے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ نیا ٹیکس توازن قائم کرنے اور امریکی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ دوا ساز کمپنیوں پر بھی اسی طرح کے ٹیکس عائد کیے جائیں گے، جن کا باضابطہ اعلان ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوا ساز اداروں کو ایک سال کی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے پیداواری یونٹ امریکہ میں قائم کر سکیں۔ اسی طرح کمپیوٹر چِپس پر بھی ٹیکس کا یہی عمل اپنایا جائے گا۔