ٹرمپ کی کم جونگ اُن سے ملاقات کی خواہش، سفارت کاری کی بحالی کی امید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے دوبارہ ملاقات کرنا چاہتے ہیں تاکہ سفارتی عمل کو بحال کیا جا سکے۔ وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ سے پہلی ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس سال کم جونگ اُن سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ "میں امید کرتا ہوں کہ مناسب وقت پر کم جونگ اُن سے ملاقات کروں گا، وہ میرے ساتھ ہمیشہ بہتر تعلق رکھتے رہے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ کم کو "تقریباً سب سے بہتر جانتے ہیں۔”
جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے بھی ٹرمپ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ ملاقات کوریائی جزیرہ نما پر امن قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "شاید آپ شمالی کوریا میں امن قائم کر کے وہاں ٹرمپ ورلڈ تعمیر کریں اور ہم گالف کھیل سکیں۔”
ماہرین کے مطابق اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو یہ کوریائی خطے کی سیاست میں ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔