شُبھنشو شکلہ کا خلاء سے پیغام ترنگا میرے کندھے پر، فخر ہر بھارتی کے دل میں

بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شُبھنشو شکلہ، جو Axiom-4 مشن میں بطور پائلٹ خلاء میں گئے ہیں، نے خلا سے قوم کو ایک جذباتی پیغام بھیجا ہے۔ یہ خلائی مشن بھارت کی خلاء میں 41 سال بعد واپسی کا سنگ میل ہے۔ ان سے پہلے 1984 میں ونگ کمانڈر راکیش شرما نے سویت یونین کے مشن پر خلاء کا سفر کیا تھا۔
شکلہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا
"نمسکار، میرے پیارے دیش واسیو! کیا زبردست سفر ہے! ہم 41 سال بعد دوبارہ خلا میں پہنچے ہیں۔ زمین کے گرد 7.5 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے گردش کر رہے ہیں۔ میرے کندھے پر موجود ترنگا مجھے یاد دلاتا ہے کہ آپ سب میرے ساتھ ہیں۔ یہ سفر صرف خلائی اسٹیشن تک نہیں بلکہ بھارت کے ہیومن اسپیس پروگرام کی شروعات ہے۔ آئیے ہم سب اس سفر کا حصہ بنیں۔ جے ہند! جے بھارت!”
یہ مشن اسپیس ایکس کے نئے ڈریگن اسپیس کرافٹ کے ذریعے خلاء میں روانہ ہوا اور یہ Axiom-4 کا چوتھا نجی مشن ہے جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچ رہا ہے۔ مشن 26 جون کو شام 4 بجے خلا میں اسٹیشن سے جُڑے گا اور آئندہ 14 دن سائنسی تحقیق، تجارتی سرگرمیوں اور عوامی آگاہی کے لیے مختص ہوں گے۔
مشن میں 60 سائنسی تجربات شامل ہیں جو 31 ممالک سے ہیں، جن میں بھارت، امریکہ، پولینڈ، ہنگری، سعودی عرب، یو اے ای اور نائیجیریا جیسے ممالک شامل ہیں۔ ان تجربات میں پٹھوں کی افزائش، مائیکرو ایلجی کی گروتھ، آبی جانداروں کی خلاء میں بقاء، اور مائیکرو گریویٹی میں انسان اور مشین کے تعلقات جیسے اہم موضوعات پر تحقیق کی جائے گی۔