کوئی راز نہیں: پیوٹن نے وزیرِاعظم مودی سے لیموزین میں ہونے والی گفتگو پر وضاحت دی

چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے درمیان طویل گفتگو نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
پیوٹن نے پیر کو اپنی روسی ساختہ آورس لیموزین میں مودی کو لفٹ دی اور تقریباً ایک گھنٹے تک ون ٹو ون ملاقات جاری رکھی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں پیوٹن نے کہا: "کوئی راز نہیں ہے، میں نے مودی کو وہ سب کچھ بتایا جو صدر ٹرمپ سے الاسکا میں بات ہوئی تھی۔”
روس اور امریکہ کے صدور کے درمیان الاسکا میں حالیہ ملاقات یوکرین جنگ کے خاتمے پر مرکوز تھی، تاہم کوئی بریک تھرو سامنے نہیں آیا۔ پیوٹن نے اسے "تفصیلی اور مفید” قرار دیا جبکہ ٹرمپ نے کہا: "کوئی ڈیل تب تک نہیں جب تک ڈیل نہیں ہوتی۔”
ماہرین کا کہنا ہے کہ آورس لیموزین ایوی ڈراپنگ سے مکمل طور پر محفوظ ہے، جس کی وجہ سے حساس نوعیت کے دو طرفہ معاملات پر وہاں کھل کر بات ہوئی۔ پیوٹن دسمبر میں بھارت کے دورے پر آئیں گے جہاں مودی سے مزید مذاکرات ہوں گے۔