ٹیسلا ماڈل وائی کی بھارت میں شاندار انٹری، قیمت 70 ہزار ڈالر

ٹیسلا نے بالآخر بھارت میں اپنے مشہور برقی گاڑی ماڈل وائی کی فروخت کا آغاز کر دیا ہے۔ اس گاڑی کی ابتدائی قیمت تقریباً 70 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ بھارت میں گاڑیوں کی فروخت کے لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے، جہاں ٹیسلا نے ممبئی میں اپنا پہلا شو روم کھول کر اس نئی پیش رفت کا آغاز کیا ہے۔
ٹیسلا کی جنوب مشرقی ایشیا کی ڈائریکٹر اسابیل فین کے مطابق جلد ہی دہلی میں بھی ایک شو روم کھولا جائے گا۔ کمپنی بھارت میں تجرباتی مراکز، سروس سینٹرز، ڈلیوری نظام، چارجنگ اسٹیشنز اور لاجسٹکس ہب بھی قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس مہنگی قیمت کی بنیادی وجہ بھارت میں برقی گاڑیوں پر 70 فیصد درآمدی ٹیکس اور تقریباً 30 فیصد لگژری ٹیکس ہے، جس کی وجہ سے ٹیسلا کو قیمتیں بلند رکھنی پڑی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیسلا کا ہدف فی الحال بڑے پیمانے پر فروخت نہیں بلکہ مارکیٹ کی آزمائش ہے۔