ہیلی کاپٹر کی مدد سے 26 گھنٹے بعد تلنگانہ کے 7 دیہاتیوں کی زندگیاں محفوظ

تلنگانہ میں شدید بارشوں اور سیلاب نے زندگی مفلوج کر دی ہے۔ ضلع راجنا سرسیلا میں 7 دیہاتی، جو مویشی چراتے ہوئے منیرو پراجیکٹ کے قریب پھنس گئے تھے، 26 گھنٹے بعد فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے۔ اس دوران ڈرون کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء بھی پہنچائی گئیں۔
اضلاع میدک اور سدی پیٹ میں بھی کئی افراد پانی میں پھنس گئے تھے جنہیں کشتیوں اور امدادی ٹیموں نے نکالا۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے فضائی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور کھانے، کپڑے اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ریاستی پولیس اور این ڈی آر ایف نے تقریباً ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ ریونیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں نے مزید 60 افراد کو بچایا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کاماریڈی، نظام آباد اور کریم نگر میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے۔ صرف کاماریڈی کے کئی مقامات پر 40 سینٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جو پچھلے 50 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔
ریاستی حکومت نے تمام محکموں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ مزید جانی نقصان روکا جا سکے۔