تلنگانہ میں اسکولی طلبہ کے لیے ’ڈیجیٹل لرننگ‘ ماڈیول کا آغاز

تلنگانہ حکومت نے اسکولوں کے نصاب میں ’’ڈیجیٹل لرننگ‘‘ ماڈیول شامل کیا ہے تاکہ طلبہ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ اس اقدام کے تحت جماعت ششم سے نہم تک کے طلبہ کو کوڈنگ، ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت، فزیکل کمپیوٹنگ، ڈیزائن تھنکنگ اور ڈیجیٹل شہریت جیسے مضامین پڑھائے جائیں گے۔
اس ماڈیول کے لیے ایک خصوصی کتاب ’’ڈیجیٹل لرننگ‘‘ تیار کی گئی ہے جو سرکاری، مقامی ادارہ جاتی اسکولوں، ماڈل اسکولز، کے جی بی ویز اور ٹی آر ای آئی ایس اسکولوں میں فراہم کی جائے گی۔ ہر مضمون کے لیے الگ تعلیمی مواد تیار کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو نہ صرف بنیادی معلومات بلکہ عملی مہارت بھی حاصل ہو۔
ریاضی کے اساتذہ کو کوڈنگ اور ڈیٹا سائنس پڑھانے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جب کہ فزیکل سائنس، انگریزی اور سوشیالوجی کے اساتذہ مصنوعی ذہانت، ڈیزائن تھنکنگ اور ڈیجیٹل شہریت پڑھائیں گے۔ اس سے پہلے ہر ضلع سے آٹھ اساتذہ کو خصوصی تربیت دی گئی تاکہ وہ اس ماڈیول کو بہتر انداز میں طلبہ تک پہنچا سکیں۔
یہ اقدام نہ صرف طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے میں مددگار ہوگا بلکہ انہیں مستقبل کی ملازمتوں کے لیے تیار بھی کرے گا۔