تلنگانہ کے نجی کالجز نے ہڑتال ختم کی، حکومت نے 600 کروڑ روپے جاری کرنے کا اعلان

تلنگانہ کے نجی پروفیشنل کالجز نے اپنی غیر معینہ مدت کی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے فیس ری ایمبرسمنٹ بقایاجات کی مد میں فوری طور پر 600 کروڑ روپے جاری کرنے کے وعدے کے بعد سامنے آیا۔
پیر کی رات ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا کی سربراہی میں وزراء اور فیڈریشن آف ایسوسی ایشنز آف تلنگانہ ہائر ایجوکیشن (فاتی) کے نمائندوں کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اگرچہ یہ حکومت کے لیے مالی بوجھ ہے، لیکن طلبہ کے مستقبل اور کالجز کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 600 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ بقیہ واجبات مرحلہ وار ادا کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی سابقہ حکومت کو بڑے پیمانے پر بقایاجات چھوڑنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کو منظم اور شفاف بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
مذاکرات میں وزیر سری دھر بابو اور اتتم کمار ریڈی بھی شریک ہوئے۔ کامیاب بات چیت کے بعد کالج انتظامیہ نے اعلان کیا کہ منگل سے تمام کالجز دوبارہ کھل جائیں گے۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلاسز کے دوبارہ آغاز سے طلبہ کا تعلیمی نقصان رک جائے گا۔