تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

ریونت ریڈی کا اعلان: تلنگانہ اسپورٹس پالیسی، کھیلوں کو سیاست سے آزادی

وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز "تلنگانہ اسپورٹس پالیسی 2025” کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اب انہیں سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر آزاد کر دیا گیا ہے۔ اس پالیسی میں عوامی و نجی شراکت داری (PPP) ماڈل کو اپنایا گیا ہے، اور سابق کھلاڑیوں اور ماہرین پر مشتمل ایک اسپورٹس بورڈ اس پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں ریاست کے اسٹیڈیم شادیوں، نجی تقریبات اور پارٹیوں کے مراکز بن چکے تھے، جبکہ کانگریس حکومت اب ان کی اصل شناخت بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کے شاندار ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں 2002 میں نیشنل گیمز، 2003 میں کامن ویلتھ گیمز اور 2007 میں ورلڈ ملٹری گیمز منعقد ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے پاس وسائل، جگہ اور حیدرآباد جیسے شہر موجود ہیں، لیکن اگر اولمپکس میں ایک بھی سونے کا تمغہ نہ ہو تو دنیا کے سامنے کیا وقار رہ جائے گا؟ اسی لیے بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ریاست میں یوتھ انڈیا اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور کوچز کی تربیت کے لیے جنوبی کوریا کی اسپورٹس یونیورسٹی سے مفاہمت نامہ پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نکہت زرین، محمد سراج، دیپتی اور دیگر کھلاڑیوں کو ملازمتیں اور نقد انعامات دیے گئے ہیں تاکہ انہیں مزید حوصلہ ملے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو غلط راستوں سے بچایا جا سکتا ہے اور انہیں مثبت سمت دی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button