تلنگانہ ہائی کورٹ کی جج جسٹس گریجا پریادرشنی انتقال کر گئیں

تلنگانہ ہائی کورٹ کی جج جسٹس گریجا پریادرشنی 61 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ ان کی آخری رسومات پیر کو جوبلی ہلز میں ادا کی جائیں گی۔
جسٹس پریادرشنی نے 24 مارچ 2022 کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی جج کے طور پر حلف لیا تھا۔ علالت کے باعث وہ کچھ عرصے سے آن لائن سماعتیں انجام دے رہی تھیں۔
قائم مقام چیف جسٹس سوجوئے پال، دیگر جج صاحبان، تلنگانہ ججز ایسوسی ایشن کے صدر کے۔ پربھاکر راؤ اور جنرل سیکریٹری کے۔ مورلی موہن نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
جسٹس پریادرشنی کے والد اپا راؤ تجارتی ٹیکس آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے شادی کے بعد آندھرا یونیورسٹی سے سوشیالوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن اور پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز اور این بی ایم لا کالج، وشاکھاپٹنم سے 1995 میں قانون کی تعلیم مکمل کی۔
انہوں نے 1997 میں آندھرا یونیورسٹی سے ایل ایل ایم مکمل کیا اور آئینی قانون میں اول پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے وشاکھاپٹنم میں دس سال سے زائد سول، فوجداری، لیبر اور خاندانی مقدمات کی پیروی کی اور غریبوں کو مفت قانونی مدد بھی فراہم کی۔
جسٹس پریادرشنی نے 2008 میں عدلیہ میں بطور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج شمولیت اختیار کی۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ جج کی حیثیت سے ان کی قیادت میں 2016 سے 2019 تک پرکاشم و اڈیل آباد کی لیگل سروس اتھارٹیز نے ملک بھر میں تین سال مسلسل اول مقام حاصل کیا۔