تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

تلنگانہ میں تباہ کن بارشیں: حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 200 کروڑ جاری

تلنگانہ حکومت نے حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے دو سو کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔ یہ رقم متاثرہ علاقوں میں فوری امداد، سڑکوں، پلوں اور بجلی کی بحالی کے ساتھ ساتھ متاثرہ عوام کی بازآبادکاری پر خرچ کی جائے گی۔

ریونیو محکمے نے منگل کو ایک سرکاری حکم نامہ (جی او آر ٹی نمبر 43) جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ یکم جولائی 2025 سے اب تک ریاست میں اوسط سے پچیس فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آٹھ اضلاع میں 65 سے 95 فیصد زائد بارش جبکہ دس اضلاع میں 25 سے 65 فیصد زائد بارش ہوئی۔

25 سے 28 اگست کے درمیان مدک، کاماریڈی، نظام آباد، عادل آباد، نرمل اور کمرم بھیم اسِف آباد جیسے اضلاع میں شدید بارش کے نتیجے میں سیلاب آیا جس سے کئی سڑکیں، پل اور بجلی کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا۔ حکومت نے ان اضلاع میں خصوصی طور پر دس دس کروڑ روپے کی امداد فراہم کی ہے جبکہ باقی اضلاع کو پانچ پانچ کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

حکم نامے کے مطابق صرف کاماریڈی ضلع میں دو دن کے اندر پچاس سینٹی میٹر بارش ہوئی جو اب تک کی سب سے زیادہ ریکارڈ بارش ہے۔ اس کے ارد گرد کے اضلاع میں بھی دو دن کے دوران پچیس سے چالیس سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

حکومت نے یہ فنڈ خزانے پر عائد پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے فوری طور پر جاری کیا ہے، اور کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 میں ضمنی بجٹ کی منظوری کے دوران اس رقم کا باقاعدہ بندوبست کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button