تلنگانہ میں 12,000 کروڑ کی منشیات فیکٹری بے نقاب، تھانے پولیس نے 13 افراد گرفتار کر لیے

تھانے ضلع کی میرا بھائندر پولیس نے تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تلنگانہ میں قائم ایک منشیات فیکٹری کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس کارروائی میں تقریباً 12,000 کروڑ روپے مالیت کی ایم ڈی ڈرگ ضبط کی گئی۔ پولیس کے مطابق فیکٹری سے تقریباً 32,000 لیٹر خام کیمیکلز برآمد ہوئے جنہیں عالمی منڈی میں ریکارڈ مالیت حاصل ہے۔
اس معاملے میں اب تک 13 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک نہ صرف بھارت بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سرگرم تھا اور اس کی جڑیں کئی ممالک تک پھیلی ہوئی ہیں۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ فیکٹری جدید مشینری اور خاص کیمیکلز کے ذریعے ڈرگ تیار کر رہی تھی، جس کی سپلائی ایک منظم چین کے ذریعے کی جاتی تھی تاکہ اس کے ذرائع تک پولیس نہ پہنچ سکے۔
یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب پولیس نے صرف 200 گرام ایم ڈی ڈرگ برآمد کی تھی جس کی مالیت تقریباً پچیس لاکھ روپے تھی۔ تاہم تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ ہی ایک بڑے ریکیٹ کا پتہ چلا اور بالآخر فیکٹری کا سراغ ملا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل میرا بھائندر پولیس نے تقریباً 15 کلو کوکین ضبط کی تھی جس کی قیمت بائیس کروڑ روپے سے زائد تھی، لیکن اس بار کی کارروائی بارہ ہزار کروڑ کی ضبطی کے ساتھ منشیات مافیا کو سب سے بڑا جھٹکا ہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ ملک میں منشیات کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں مزید سختی سے جاری رہیں گی۔