ریونت ریڈی کا اعلان: شہید کمانڈوز کے لیے ایک کروڑ امداد

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے مولگو ضلع میں حالیہ نکسل حملے میں شہید ہونے والے تین گرے ہاؤنڈز کمانڈوز کے خاندانوں کے لیے ایک کروڑ روپے فی کس خصوصی مالی امداد (ایکس گریشیا) کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمانڈوز تلنگانہ پولیس کی نکسل مخالف خصوصی فورس کا حصہ تھے۔
وزیر اعلیٰ نے جمعہ کی رات جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا کہ ہر خاندان کو سیکیورٹی اسکیم کے تحت 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ 300 مربع گز کا رہائشی پلاٹ بھی الاٹ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، شہید کمانڈوز کے اہل خانہ میں سے کسی ایک اہل فرد کو سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ واقعہ 8 مئی کی صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا، جب مولگو پولیس اور گرے ہاؤنڈز کی ٹیمیں وزیڈو پولیس اسٹیشن کی حدود میں نکسلائیٹوں کی طرف سے بچھائے گئے بارودی سرنگوں کو ناکام بنانے کے لیے سرچ آپریشن کر رہی تھیں، اسی دوران زور دار دھماکوں سے تین جوان شہید ہو گئے۔
ریونت ریڈی نے ان جوانوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مکمل تعاون فراہم کرے گی۔