تلنگانہ کابینہ کا انقلابی فیصلہ پسماندہ طبقات کیلئے % 42 کوٹہ منظور ، پنچایت ریزرویشن کی %50 حد ختم

تلنگانہ کابینہ نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی صدارت میں ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن کی شرح بڑھا کر 42 فیصد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنچایتوں میں ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے، جس سے دیہی سطح پر زیادہ نمائندگی کا راستہ ہموار ہوگا۔
وزیر پونگولٹی سرینواس ریڈی کے مطابق کابینہ نے اس معاملے پر تفصیلی غور کیا اور فیصلہ کیا کہ ریزرویشن سے متعلق نیا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانونی شکل دی جا سکے۔ حکومت نے پہلے ہی گورنر کو آرڈیننس بھیج دیا ہے تاکہ اس سلسلے میں پابندیوں کو ختم کیا جا سکے۔
کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ریاست میں گو شالاؤں کے بہتر انتظام کے لیے ایک نیا بورڈ قائم کیا جائے گا تاکہ گائیوں کی دیکھ بھال اور ان کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔
یہ فیصلے ریاست میں سماجی انصاف، مساوات اور بہتر نمائندگی کی سمت ایک بڑا قدم سمجھے جا رہے ہیں۔