تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

حیدرآباد میں طوفانی بارش، سڑکیں زیرِ آب، ٹریفک اور بجلی متاثر

حیدرآباد بدھ کی شام اچانک ہونے والی طوفانی بارش سے لرز اُٹھا۔ شمالی اور مغربی حصوں میں بارش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کردیا۔ سڑکیں زیرِ آب آگئیں، ٹریفک رینگنے لگی اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقے سریلنگم پلی، میا پور، چندان نگر، کوکٹ پلی اور آر سی پورم رہے۔ اسی طرح سکندرآباد کے بھی کئی حصے متاثر ہوئے جن میں اپل، کپرا، مشیرآباد، عثمانیہ یونیورسٹی کے اطراف اور ملکاجگری شامل ہیں۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق بدھ کی شام چندان نگر کے جے پی نگر کمیونٹی ہال میں سب سے زیادہ 97.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ ایم ایم ٹی ایس لنگم پلی میں 82.3 ملی میٹر، یونیورسٹی آف حیدرآباد میں 81.3 ملی میٹر، گچی باؤلی میں 66.5 ملی میٹر اور پی جے آر اسٹیڈیم چندان نگر میں 64.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سکندرآباد کے کئی علاقوں جیسے مریڈ پلی، ٹرملگری، الوال، ای سی آئی ایل کراس روڈ، ڈاکٹر اے ایس راؤ نگر، صفیل گوڑہ، مولا علی، تارنکا اور حبسی گوڑہ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

بارش کے بعد کئی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور گاڑیاں پانی میں پھنسی رہیں۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی مقامات پر بجلی بند ہونے سے حالات مزید خراب ہوگئے۔ شہری انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کیے اور عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button