اساتذہ کی غفلت سے سانحہ: اسکول کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق

راجستھان کے ضلع جھالاواڑ کے پمپلود گاؤں میں سرکاری اسکول کی چھت گرنے سے سات معصوم بچوں کی جان چلی گئی، جبکہ درجنوں بچے زخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے صبح کی اسمبلی کے لیے جمع تھے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ بچوں نے اساتذہ کو پہلے ہی چھت سے کنکریاں گرنے کی اطلاع دی تھی، لیکن اساتذہ نے اُنہیں ڈانٹ کر واپس بٹھا دیا اور خود ناشتہ کرتے رہے۔
ایک آٹھویں جماعت کے طالبعلم کے مطابق، "اگر اساتذہ بچوں کی بات سن لیتے تو یہ حادثہ نہ ہوتا۔”
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے ملبے سے بچوں کو نکالا اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسکول کی عمارت کافی خستہ حال تھی، اور صرف ایک ماہ پہلے اس پر معمولی پلستر کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے اور کانگریس رہنما سچن پائلٹ نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پائلٹ نے کہا کہ ریاست میں اسکولوں کی خستہ حالی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔