"پاکستان سے دہشتگردی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، قیمت چکانی پڑے گی”

نیویارک میں بھارت کی جانب سے پاکستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف عالمی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھیجے گئے آل پارٹی وفد نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب برداشت کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ "پاکستان میں بیٹھ کر کوئی یہ نہ سمجھے کہ وہ سرحد پار آ کر ہمارے شہریوں کو قتل کر سکتا ہے اور ہم خاموش رہیں گے۔ اب ہر حملے کی قیمت چکانی پڑے گی۔”
ششی تھرور نے یہ بات انڈین قونصل جنرل کے زیر اہتمام ایک تقریب میں کہی، جہاں بڑی تعداد میں انڈین-امریکن کمیونٹی، میڈیا اور تھنک ٹینکس کے افراد موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب ایک "نیا نارمل” اپنانا ہوگا، جہاں دہشتگردی کا سخت جواب دیا جائے گا اور اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
تھرور نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف بھارت کی جدوجہد میں ساتھ دے، خاص طور پر ان حالات میں جب پاکستان کی سرزمین سے ہونے والے حملے مسلسل بھارت کی سلامتی کو چیلنج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن اگر کوئی دشمن ہماری سرزمین پر خون بہائے گا تو خاموش نہیں رہا جائے گا۔ یہ وقت ہے کہ دنیا سمجھ لے کہ بھارت اب فیصلہ کن اقدامات کے لیے تیار ہے۔