ایس سی او اجلاس مودی، شی جن پنگ اور پوتن ایک ساتھ، تاریخی فیملی فوٹو

چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 25واں سالانہ اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں دنیا کے بڑے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر روایتی "فیملی فوٹو” لی گئی جس میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی صفِ اول میں نظر آئے۔ ان کے ساتھ میزبان صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ترک صدر رجب طیب اردوان اور مالدیپ کے صدر محمد مویزو بھی موجود تھے۔
تصویر میں شی جن پنگ مرکز میں جبکہ ان کے بائیں جانب اہلیہ پینگ لیوان اور دائیں جانب صدر پوتن کھڑے تھے۔ پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف بھی پہلی صف میں نمایاں دکھائی دیے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت کی حالیہ آپریشن سندور کے بعد مودی اور شہباز شریف ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آئے۔
وزیرِاعظم مودی اس دو روزہ دورے میں روسی صدر پوتن سمیت دیگر رہنماؤں سے الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ یہ دورہ سات برس بعد چین کا ان کا پہلا دورہ ہے، جو موجودہ عالمی تجارتی دباؤ اور امریکی محصولات کے پس منظر میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔