وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کار شیئرنگ، دوستانہ تعلقات کی نئی مثال

تیانجن (چین) میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے غیر معمولی انداز اپناتے ہوئے ایک ہی گاڑی میں سفر کیا۔ دونوں رہنما روس میں تیار کردہ ’’آورس سیڈان‘‘ میں ساتھ بیٹھ کر رِٹز کارلٹن ہوٹل پہنچے، جہاں ان کی اہم دو طرفہ ملاقات ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق صدر پوتن نے تقریباً دس منٹ تک مودی کا انتظار کیا تاکہ وہ ان کے ہمراہ سفر کرسکیں۔ راستے میں بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو جاری رہی اور ہوٹل پہنچنے کے بعد مزید 45 منٹ گاڑی کے اندر ہی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بعد ازاں ایک گھنٹے طویل باضابطہ اجلاس ہوا، جس میں توانائی، دفاع اور عالمی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات نے ایک ایسے وقت میں اہمیت اختیار کی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر بھاری محصولات عائد کر دیے ہیں، بالخصوص روسی خام تیل کی خریداری پر۔ اس کے باوجود مودی اور پوتن کی قربت نے دونوں ملکوں کے اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیا۔
یہ کار شیئرنگ اور دوستانہ انداز دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور اسے بھارت-روس تعلقات میں گہرے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔