مودی سے ملاقات: ریونت ریڈی نے ترقیاتی منصوبوں کی جلد منظوری کی

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی فوری منظوری کی اپیل کی۔ انہوں نے حیدرآباد میٹرو فیز-ٹو، ریجنل رنگ روڈ (RRR)، ریجنل رنگ ریل، بندر پورٹ سے مجوزہ ڈرائی پورٹ تک گرین فیلڈ ہائی وے، انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن (ISM) اور دفاعی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کی درخواست کی۔
ریونت ریڈی نے بتایا کہ میٹرو فیز-ٹو کے لیے تجاویز پہلے ہی مرکز کو پیش کی جا چکی ہیں، جس میں پانچ نئے کاریڈور شامل ہیں۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 24,269 کروڑ روپے ہے، جس میں مرکز کا حصہ 18 فیصد یعنی 4,230 کروڑ اور ریاست کا حصہ 30 فیصد یعنی 7,313 کروڑ روپے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چنئی اور بنگلورو کو منظوری مل چکی ہے، تلنگانہ کو بھی فوری منظوری دی جائے۔
انہوں نے ریجنل رنگ روڈ (RRR) کی بھی فوری منظوری کی اپیل کی جو ہائیڈرآباد کی بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کم کرنے کے لیے اہم ہے۔ شمالی حصے کی زمین کے حصول کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ اسی کے ساتھ ریجنل رنگ ریل کی تعمیر کی بھی حمایت کی، تاکہ شہر کے گرد ریل رابطہ مزید بہتر ہو سکے۔
ریونت ریڈی نے بندر پورٹ سے ڈرائی پورٹ تک ایکسپریس وے اور متوازی ریلوے لائن کی بھی تجویز دی، تاکہ مال برداری میں آسانی ہو اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے، خاص طور پر فارما کے شعبے میں۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست کو انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن میں شامل کرنے، دفاعی صنعت کو مراعات دینے، حیدرآباد-بنگلور ڈیفنس کاریڈور کی منظوری اور دفاعی ایم ایس ایم ایز کے لیے پالیسی سپورٹ کی اپیل کی۔