گیگ ورکرز کے لئے ریونت ریڈی حکومت کی پہل

حیدرآباد تلنگانہ گیگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز یونین (ٹی جی پی ڈبلیو یو) نے "تلنگانہ گیگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز (رجسٹریشن، سوشل سیکیورٹی اور ویلفیئر) بل ۲۰۲۵” کے مسودے پر اپنی تفصیلی تجاویز لیبر کمشنر کو پیش کیں۔
یونین کے بانی صدر شیخ صلاح الدین نے کہا کہ ہم حکومت تلنگانہ کے اس عزم کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں کہ وہ گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی جانب سے یہ بل محنت کشوں کو "یوم مزدور کا تحفہ” ہے، جو ایک تاریخی قدم ہے۔
شیخ صلاح الدین نے بتایا کہ ہماری جانب سے دی گئی تجاویز کا مقصد بل کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ یہ پورے ملک بلکہ دنیا کے لیے ایک مثالی قانون بن سکے۔
یہ تجاویز محنت کشوں، مزدور یونینوں، وکلا، سماجی اداروں اور محققین کے اجتماعی تجربات اور مشوروں پر مبنی ہیں۔ ان میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، الگوردم کی شفافیت، سہ فریقی نظام حکومت، اور فوری اور مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
شیخ سلاودین نے کہا کہ ٹی جی پی ڈبلیو یو حکومت کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ حتمی قانون تمام گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کو مؤثر سماجی تحفظ اور فلاحی سہولیات فراہم کرے۔