تلنگانہعلاقائی خبریںقومی

ریونت ریڈی کا بارشوں پر ایکشن، ریاست بھر میں اعلیٰ سطح کا انتباہ جاری

تلنگانہ میں شدید بارشوں کے پیش نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تمام اضلاع کے کلکٹروں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ریاست بھر میں ہائی الرٹ جاری کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ تین دنوں تک مزید بارشیں متوقع ہیں، جس پر حکومت نے بروقت اقدامات کے احکامات دیے ہیں۔

چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری کارروائی کی جائے، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی اور ٹریفک کو رواں رکھنے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی خریداری مراکز اور مارکیٹ یارڈز میں اناج کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔

ریاستی حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ریاستی اور قومی امدادی ٹیموں (ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف) کو متحرک کر دیا ہے۔ حیدرآباد میں تین این ڈی آر ایف ٹیمیں مستقل تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ ریاست بھر میں 12 ایس ڈی آر ایف ٹیمیں بھی فعال کر دی گئی ہیں، جنہیں ایک گھنٹے کے اندر کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔

تمام پرانے ضلعی صدر مقامات پر واقع فائر اسٹیشنز کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے آلات سے لیس کر دیا گیا ہے اور عملے کو خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی، پولیس، ٹریفک، بجلی اور ہائیدرا ٹیموں کو آپس میں مکمل تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

چیف سیکریٹری کے رام کرشنا راؤ کو مسلسل صورتحال کا جائزہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ حکومت نے ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقامی سطح پر امدادی ٹیموں سے قریبی رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button