ریونت ریڈی کا کاماریڈی میں بے گھر خاندانوں سے وعدہ وفا

کاماریڈی ضلع کے چنّہ ملّاریڈی گاؤں میں وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے دو غریب خاندانوں کے لیے اندراما مکانات کی منظوری دے کر اپنا وعدہ پورا کر دیا۔ ان خاندانوں میں بھکنور لکشمی اور چٹیالہ راجمانی شامل ہیں جن کے لیے جمعرات کے دن مکانوں کی تعمیر کا آغاز ہوا، جس سے ان کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ریونت ریڈی نے 18 مارچ 2023 کو ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کے دوران گاؤں کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر مذکورہ خواتین نے اپنی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے کچے مکان بارش کی وجہ سے تباہ ہو چکے ہیں۔ اس پر ریونت ریڈی نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے پر پکے مکان دیے جائیں گے۔
حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے مقامی عوام کی موجودگی میں تعمیراتی کام کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق کے باعث تاخیر ہوئی، تاہم کانگریس حکومت نے غریبوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں سنجیدگی دکھائی ہے۔
شبیر علی نے بتایا کہ جنوری 2023 میں ریاست بھر میں 4.50 لاکھ اندراما مکانات منظور کیے گئے، جن میں ہر اسمبلی حلقے کو تقریباً 3,500 مکانات دیے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ حکومت نے کئی دیگر فلاحی اسکیمیں جیسے مفت آر ٹی سی بس سفر، سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر، دو لاکھ روپئے تک زرعی قرض معافی، اور 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کی ہے۔
انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے عوامی مفاد کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، جبکہ موجودہ کانگریس حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے۔