نیتی آیوگ میں ریونت ریڈی کا "تلنگانہ 2047” ویژن پیش

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ نیتی آیوگ گورننگ کونسل کے اجلاس میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰریونت ریڈی نے "تلنگانہ رائزنگ 2047” کے عنوان سے ریاست کی آئندہ 25 برسوں کی ترقیاتی حکمت عملی پیش کی۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اگلے 10 برسوں میں 1 ٹریلین ڈالر معیشت بننے کا ہدف رکھتا ہے، جب کہ قومی تخمینے کے مطابق یہ ہدف حاصل کرنے میں 15 سال لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت اس ہدف کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مرکز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا ویژن صرف ریاستی سطح پر ممکن نہیں، مرکزی حکومت کی شراکت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ 2047 تک قومی معیشت میں 8 فیصد حصہ ڈالنے کا ہدف رکھتا ہے، جو کہ 2.4 ٹریلین ڈالر بنتا ہے۔
ریونت ریڈی نے ہندوستان کے چھ بڑے میٹرو شہروں، بشمول حیدرآباد، کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان شہروں کی ترقی کے لیے وزیر اعظم کی سربراہی میں ایک قومی سطح کی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔
انہوں نے ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں جیسے بھا رت فیوچر سٹی، میٹرو ریل توسیع، موسی ندی کی صفائی، اور انڈسٹریل کاریڈورز کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست نے ڈیووس میں 2.18 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے وعدے حاصل کیے ہیں، جس سے 52,000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔