پٹنہ ہائی کورٹ کا کانگریس کو حکم: وزیراعظم مودی کی والدہ پر مبنی اے آئی ویڈیو ہٹائی جائے

پٹنہ ہائی کورٹ نے کانگریس کو ہدایت دی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی مرحومہ والدہ، ہیرا بین مودی، پر مبنی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو کو تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ہٹایا جائے۔
یہ معاملہ اُس وقت تنازع کا باعث بنا جب بہار کانگریس کے سوشل میڈیا پیج پر ویڈیو شیئر کی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام لگایا کہ اس ویڈیو کے ذریعے وزیراعظم کی والدہ کی بے حرمتی کی گئی ہے۔ تاہم کانگریس نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں کسی بھی طرح کی بے ادبی نہیں کی گئی۔
قائم مقام چیف جسٹس پی بی باجنتھری نے اس درخواست پر کارروائی کی جس میں ویڈیو کو "توہین آمیز مواد” قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ یہ ویڈیو عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی بھی ہے۔
اس کیس میں کانگریس رہنما راہل گاندھی، مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سدھارتھ پرساد کے مطابق عدالت نے فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔