رشتہ کا بہانہ، 11 لاکھ کا فراڈ

حیدرآباد کی ایک معروف خاتون ڈاکٹر آن لائن رشتہ تلاش کرتے ہوئے ایک سنگین فراڈ کا شکار ہو گئیں، جس میں اُن سے تقریباً 11 لاکھ روپے ہتھیا لیے گئے۔ پولیس نے شادی ڈاٹ کام پر جعلی پروفائل بنا کر دھوکہ دینے والے شخص جوگاڈا وامشی کرشنا کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم نے "ہارشا چیرکری” کے نام سے شادی ڈاٹ کام کی پریمیم سیلیکٹ شادی سروس کے تحت ایک جھوٹا پروفائل بنایا اور خود کو ایک خوشحال اور سنجیدہ رشتہ دار ظاہر کیا۔ اس کے بعد اس نے خاتون سے رابطہ کر کے مالی پریشانی کا بہانہ بنایا اور بڑی رقم وصول کی۔ بعد ازاں وہ خاتون کی ذاتی معلومات اور مواد کا سہارا لے کر اسے بلیک میل کرنے لگا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم پہلے بھی کئی خواتین کو نشانہ بنا چکا ہے اور اس کے خلاف مختلف ریاستوں میں 20 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
اس واقعے کے بعد شادی ڈاٹ کام کی قانونی ذمہ داریوں پر بھی سوال اٹھنے لگے ہیں۔ پولیس کے مطابق، پلیٹ فارم نے بغیر کسی تصدیق کے جعلی پروفائل کو "ویری فائیڈ” قرار دیا، جس سے صارفین کو گمراہ کیا گیا۔ ریلیشن شپ منیجر نے بھی بغیر جانچ پڑتال کے متاثرہ خاتون کو ملزم کا پروفائل بھیجا۔ شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہ کی گئی۔
پولیس نے کمپنی کے ڈائریکٹر انوپم متل، ٹیم لیڈ وگنیش، اور منیجر ستیش کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پلیٹ فارم کی غفلت کی وجہ سے اب اس کا "سیف ہاربر” تحفظ بھی ختم کر دیا گیا ہے اور قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔