تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

راشن کارڈ والوں کو تین ماہ کا چاول جون میں فراہم کیا جائے گا

تلنگانہ حکومت جون میں ریاست کے 90 لاکھ سے زائد راشن کارڈ ہولڈرز کو تین ماہ کا عمدہ چاول ایک ساتھ فراہم کرے گی۔ یہ فیصلہ مرکزی حکومت کی ہدایت کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں تمام ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم کے تحت جون، جولائی اور اگست کا مفت راشن ایک ساتھ جون میں ہی جاری کریں۔

مرکز کی جانب سے اس فیصلے کی بڑی وجہ برسات کے موسم میں ممکنہ ٹرانسپورٹ کے مسائل اور سیلاب کی صورت میں غریب عوام کو راشن کی قلت سے بچانا بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گوداموں میں اناج کے اضافی ذخائر کو خالی کرنا بھی اس فیصلے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے تاکہ نئے فصلوں کے لیے جگہ بنائی جا سکے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایک ساتھ راشن جاری کیا جا رہا ہے۔ کووِڈ-19 کے دوران بھی دو ماہ کا راشن ایک ساتھ جاری کیا گیا تھا تاکہ عوام کو لاک ڈاؤن اور آمد و رفت کی پابندیوں کے دوران خوراک کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

تلنگانہ سیول سپلائیز کارپوریشن کے حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ خریف اور ربی سیزن کے دوران وافر مقدار میں عمدہ چاول حاصل کیا گیا ہے اور تقریباً 6 لاکھ میٹرک ٹن چاول جون کے مہینے میں تقسیم کیا جائے گا۔ اگر ضرورت پڑی تو یہ عمل جون کے بعد بھی جاری رہ سکتا ہے تاکہ ہر راشن کارڈ ہولڈر تک مکمل راشن پہنچ سکے۔

کمشنر سیول سپلائیز ڈی ایس چوہان نے تمام متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ یکم جون سے 30 جون تک راشن کی تقسیم یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button