وزیر اعظم مودی کا ہندوستانیوں سے وعدہ، امریکی صدر ٹرمپ پر نرم لب و لہجہ میں تنقید

وزیراعظم نریندر مودی نے احمدآباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں، چھوٹے صنعت کاروں، مویشی پالنے والوں اور دکانداروں کے مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معیشت پر مبنی سیاست کی جا رہی ہے، لیکن بھارت کے عوام کے مفاد پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
مودی نے کہا کہ آئندہ دنوں میں دباؤ بڑھ سکتا ہے لیکن ان کی حکومت ہر دباؤ برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا: ’’کسان، مویشی پرور، چھوٹے تاجر اور صنعت کار میری اولین ترجیح ہیں۔‘‘ وزیراعظم نے عوام کو یقین دلایا کہ کسی کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔
انہوں نے "میڈ اِن انڈیا” مصنوعات کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیوالی سمیت تمام تہواروں کو مقامی پیداوار کے ساتھ منایا جائے تاکہ خود انحصاری کو فروغ دیا جا سکے۔ مودی نے کہا ’’ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ جو بھی خریدیں گے وہ ملک میں بنا ہوگا۔‘‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی درآمدات پر پچاس فیصد محصولات لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں پچیس فیصد کا اضافہ بھارت کی روس سے تیل خریداری پر بطور سزا شامل ہے۔ امریکہ کا الزام ہے کہ بھارت روسی تیل خرید کر یوکرین جنگ کو سہارا دے رہا ہے، جسے بھارت نے مسترد کر دیا ہے۔