مودی نے بیگم پیٹ خواتین ریلوے اسٹیشن کا شاندار افتتاح کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچوئل انداز میں بیگم پیٹ، کریم نگر اور ورنگل ریلوے اسٹیشنوں کی نئی شکل میں تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کیا۔ بیگم پیٹ اسٹیشن کو "امرت بھارت اسٹیشن اسکیم” کے تحت ۲۶.۵۵ کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔
بیگم پیٹ اسٹیشن اب مکمل طور پر خواتین کے عملے کے زیر انتظام ہے۔ اسٹیشن ماسٹر، ٹکٹ کلرک، آر پی ایف کانسٹیبل، بکنگ کلرک تمام خواتین ہیں۔ یہ عمل گزشتہ چھ سال سے جاری ہے۔ اسٹیشن پر خواتین مسافروں کی حفاظت کے لیے خصوصی نگرانی کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔
اس جدید اسٹیشن میں مسافروں کی سہولت کے لیے دو لفٹیں، چار برقی سیڑھیاں، کشادہ ویٹنگ ہالز، جدید طرز کے بیت الخلاء اور معذور افراد کے لیے خصوصی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ تلنگانہ کے ریاستی پرندے "پالا پِتّا” کا مجسمہ اسٹیشن پر بطور علامتی مرکز نصب کیا گیا ہے، جو ریاستی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔
اسٹیشن کو خوبصورت روشنیوں، سبزہ زار، پانی کے فواروں اور نمایاں سائن بورڈز سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو آرام دہ اور خوشگوار سفر کا تجربہ حاصل ہو۔ بیگم پیٹ اسٹیشن روزانہ ۱۵ ہزار سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کرتا ہے اور سکندرآباد، حیدرآباد، کاچی گوڑہ کے بعد سب سے مصروف اسٹیشن مانا جاتا ہے۔