"79ویں یومِ آزادی: مودی کا نوجوانوں سے ’سمردھ بھارت‘ کے خواب کی تکمیل کا عزم”

وزیراعظم نریندر مودی نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعے سے اپنے بارہویں اور سب سے طویل خطاب میں نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود انحصاری کو اپنا بنیادی منتر بنا کر ’’خوشحال بھارت‘‘ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک پوری نسل نے ’’آزاد بھارت‘‘ دینے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، اور اب آج کی نسل کو پختہ عزم، بہتر کردار اور خود انحصاری کے جذبے کے ساتھ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔
مودی نے واضح کیا کہ خود انحصاری صرف درآمدات، برآمدات یا کرنسی تک محدود نہیں بلکہ یہ ہماری اپنی صلاحیتوں اور قوت پر انحصار کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر انحصار آزادی کو کمزور کرتا ہے، اس لیے ہر حال میں خود کفیل رہنا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے باباصاحب بھیم راؤ امبیڈکر، ڈاکٹر راجندر پرساد اور دیگر بانیانِ دستور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین پچھلے 75 برسوں سے ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’آزادی کے لیے قربانیاں دینے والی نسل نے ہمیں ’آزاد بھارت‘ دیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ’خوشحال بھارت‘ بنائیں، اور یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔‘‘