79ویں یومِ آزادی کی تقریبات، وزیر اعظم نریندر مودی لال قلعے سے قوم سے خطاب کریں گے

ملک بھر میں 15 اگست کو 79واں یومِ آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا، جس کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی دہلی کے تاریخی لال قلعے سے کریں گے۔ وزیر اعظم قومی پرچم لہرائیں گے اور قوم سے خطاب کریں گے۔ اس سال کی تقریبات کا موضوع "نیا بھارت” رکھا گیا ہے، جو 2047 تک وکست بھارت کے ہدف کی طرف بڑھتے قدموں کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریبات میں خوشحال، محفوظ اور باحوصلہ نیا بھارت کی ترقی کا جشن منایا جائے گا۔ اس سال آپریشن سندور کی کامیابی کو بھی خاص طور پر یاد کیا جائے گا، اور دعوتی کارڈز پر آپریشن سندور کا لوگو اور چناب پل کا واٹر مارک شامل ہے۔
ملک بھر میں پہلی بار 15 اگست کی شام مختلف بینڈ پرفارمنسز ہوں گی، جن میں فوج، بحریہ، فضائیہ، کوسٹ گارڈ، این سی سی اور دیگر فورسز کے بینڈز شامل ہوں گے۔ یہ پرفارمنسز 140 سے زائد اہم مقامات پر ہوں گی تاکہ حب الوطنی کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔