تلنگانہعلاقائی خبریںقومی

پولاورم پراجیکٹ: وزیر اعظم مودی 28 مئی کو وزرائے اعلیٰ کا اجلاس طلب کریں گے

وزیر اعظم نریندر مودی 28 مئی کو پولاورم پراجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں آندھرا پردیش، تلنگانہ، اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس مرکزی حکومت کی جانب سے قومی منصوبے کے درجے پر فائز پولاورم پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کے لیے بلایا گیا ہے۔

تلنگانہ کی حکومت نے بارہا اس پراجیکٹ پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب پراجیکٹ میں پانی بھرنے کا عمل شروع ہوگا، تو دریائے گوداوری کے بیک واٹر سے تلنگانہ کے کئی علاقوں میں ڈوب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ ریاست نے یہ اعتراضات وزارت جل شکتی اور سنٹرل واٹر کمیشن کے نوٹس میں بھی لائے تھے۔ اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ کی ریاستوں نے بھی اسی قسم کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

پولاورم پراجیکٹ کے تحت دریائے گوداوری سے 80 ٹی ایم سی فٹ پانی کو دریائے کرشنا میں منتقل کیا جائے گا، جس کا استعمال مختلف ریاستوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے معاہدے کے تحت کیا جائے گا۔ اس معاہدے میں مہاراشٹرا اور کرناٹک بھی شامل ہیں۔ چھتیس گڑھ کو 1.5 ٹی ایم سی فٹ اور اوڈیشہ کو 5 ٹی ایم سی فٹ پانی دینے کی تجویز ہے۔

ریاست تلنگانہ کو امید ہے کہ اس اجلاس میں اس کے خدشات کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور مناسب اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ریاستی علاقوں میں عوام کو نقصان نہ پہنچے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button