وزیراعظم مودی کی قطر کے امیر سے گفتگو، دوحہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دوحہ پر حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی اور انہیں قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں قطر کے کردار کو سراہا، خاص طور پر غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے لیے قطر کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام تنازعات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جائے۔
شیخ تمیم نے وزیراعظم مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قطر کے عوام بھارت کی یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملے میں حماس کے پانچ اراکین ہلاک ہوئے، تاہم حماس نے کہا کہ اسرائیل اپنے رہنماؤں کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا۔
بھارت اور قطر کے درمیان قریبی تعلقات ہیں، قطر میں 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد بھارتی شہری مقیم ہیں جبکہ قطر بھارت کا سب سے بڑا ایل این جی فراہم کنندہ ہے۔