وزیرِاعظم مودی کا جاپان میں استقبال، 15ویں بھارت, جاپان سالانہ سمٹ میں شرکت

وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پندرہویں سالانہ بھارت۔جاپان سمٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس 29 اور 30 اگست کو ٹوکیو میں ہوگا۔ اس موقع پر مودی جاپانی وزیراعظم شیگیریو ایشیبا سمیت دیگر رہنماؤں اور صنعتکاروں سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے پہلے دن جاپان بھارت میں اپنی سرمایہ کاری کا ہدف دوگنا کرنے کا اعلان کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے متعدد معاہدے متوقع ہیں۔ مودی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب بھارت اور امریکہ کے تعلقات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں اور بھارتی درآمدات پر بھاری محصولات کی وجہ سے تناؤ کا شکار ہیں۔
اس کے بعد مودی چین کے شہر تیانجن روانہ ہوں گے، جہاں وہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ بھارت کے اقتصادی تعلقات کو نئی سمت دے سکتا ہے اور جاپان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔