کلکتہ میں ریکارڈ توڑ بارش، سائیکلون نہیں بلکہ لو پریشر سسٹم کا اثر

کلکتہ نے پیر اور منگل کی درمیانی رات سے مسلسل بارش کا سامنا کیا جس نے شہر کی زندگی کو مفلوج کر دیا۔ مختلف علاقوں میں پانی بھرنے اور بجلی کے جھٹکے سے کم از کم سات افراد جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، علی پور آبزرویٹری میں صبح ساڑھے چھ بجے تک 247.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ستمبر کے مہینے میں اب تک کی تیسری سب سے زیادہ بارش ہے۔ سب سے زیادہ بارش 28 ستمبر 1978 کو 369 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سائیکلون نہیں بلکہ خلیج بنگال میں موجود لو پریشر ایریا سے اٹھنے والے کانویکٹیو تھنڈر اسٹورم کی وجہ سے ہوئی۔ یہ سسٹم پہلے شمال مشرقی خلیج بنگال پر موجود تھا، جو آگے بڑھ کر بنگلہ دیش میں لینڈ فال کرنے کے بعد اب گنگیٹک ویسٹ بنگال پر اثرانداز ہورہا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، یہ سسٹم اگلے 24 گھنٹوں تک موجود رہے گا اور پھر آہستہ آہستہ کمزور پڑ جائے گا۔ تاہم، 25 ستمبر کے آس پاس خلیج بنگال میں ایک نیا لو پریشر ایریا بننے کا امکان ہے جو مزید بارش کا سبب بن سکتا ہے۔