ایئر انڈیا حادثہ: پائلٹس کی آخری گفتگو سے نئے انکشافات

گزشتہ ماہ گجرات کے احمدآباد میں ہونے والے ایئر انڈیا حادثے میں پائلٹس کی کاک پٹ ریکارڈنگ سے نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق، طیارے کے کپتان نے پرواز کے فوراً بعد انجن کا ایندھن بند کر دیا تھا، جس پر فرسٹ آفیسر نے حیرت اور پریشانی کا اظہار کیا۔
حادثے میں شامل کپتان سمیٹ سبھروال اور فرسٹ آفیسر کلائیو کندر تھے، جن کے پاس بالترتیب 15,638 اور 3,403 گھنٹوں کا فلائنگ تجربہ تھا۔ اس افسوسناک واقعے میں طیارے میں سوار 241 افراد اور زمین پر موجود 19 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ صرف ایک مسافر زندہ بچ پایا۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، دونوں انجنز کے فیول کنٹرول سوئچز کو پرواز کے فوراً بعد ایک سیکنڈ کے وقفے سے بند کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کہ یہ عمل جان بوجھ کر کیا گیا یا غلطی سے ہوا۔
فیڈریشن آف انڈین پائلٹس نے امریکی میڈیا کی رپورٹ کو "بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے اور قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ ان کے مطابق، ابتدائی رپورٹ میں کہیں یہ ذکر نہیں کہ حادثہ پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔
ایئر انڈیا نے بھی اپنے تمام بوئنگ 787 طیاروں پر فیول کنٹرول سوئچ کی جانچ مکمل کر لی ہے اور کسی خرابی کی تصدیق نہیں ہوئی۔